اپنی بیوی کو محض اس لئے قتل کر ڈالا کہ اس نے کھانا ٹھیک طریقے سے پیش نہیں کیا تھا۔


نئی دلی(اردو آفیشل) ابھی گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی کہ بھارت میں ایک شخص نے روٹی گول نہ بنانے پر اپنی اہلیہ کو مار ڈالا۔ اب ایک اور ایسے بدبخت شخص کا مکروہ فعل سامنے آ گیاہے جس نے اپنی بیوی کو محض اس لئے قتل کر ڈالا کہ اس نے کھانا ٹھیک طریقے سے پیش نہیں کیا تھا۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق معمولی وجہ پر بیوی کو قتل کرنے والا 30 سالہ روہت راسگی رکشہ ڈرائیور ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ منجاری شہر میں پیش آیا جہاں روہت اور اس کی اہلیہ شیتل ایک عرصے سے مقیم تھے۔ ان کی شادی چھ سال قبل ہوئی اور مقتولہ شیتل ایک گھریلو خاتون تھی۔ گزشتہ سال جولائی میں بھی اس نے اپنے شوہر کے خلاف گھریلو تشدد کے الزامات کے تحت پولیس کو شکایت درج کروائی تھی۔

ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ ”جمعرات کی سہ پہر گھر آیا تو اہلیہ کو کھانا لانے کو کہا، لیکن اس نے مجھے کھانا ٹھیک طرح سے پیش نہیں کیا جس پر مشتعل ہوکر میں نے اس کا گلا گھونٹ دیا۔“ پولیس کو شبہ ہے کہ قتل کا اصل محرک کچھ اور ہے اور ملزم اصل معاملہ چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔