’اپنے بچے کو کبھی بھی اس طرح اپنے سینے پر نہ سونے دیں، اس کی موت بھی ہوسکتی ہے کیونکہ۔۔۔‘


لندن(اردو آفیشل) ننھے بچے جب والدین کی چھاتی پر محواستراحت ہوتے ہیں تو والدین کو اپنے دل میں ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے اور ان کے لئے اس سے بڑھ کر خوشی کی بات کچھ اور نہیں ہوتی، مگر اولاد سے یہ محبت اگر اس کی زندگی کے لئے ہی خطرہ بن جائے تو یقینا اس سے گریز ہی اچھا ہے۔
دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق برطانوی ماہر صحت ڈاکٹر سیم نے اس خطرے کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے دنیا کی مشہور شخصیات کی انٹرنیٹ پر تصاویر دیکھی ہیں جو اپنے بچوں کو اپنے سینے پر لٹائے بے حد مسرور نظر آتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ بظاہر یہ بہت خوبصورت بات ہے لیکن لوگ اس کے خطرات سے واقف نہیں۔ وہ خود اسی طرح کے دردناک سانحے کا نشانہ بن چکے ہیں۔ یہ 2010ءکی بات ہے کہ وہ صوفے پر لیٹے ہوئے تھے اور ان کا ننھا بیٹا چارلی ان کی چھاتی پر سویا ہوا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ کچھ دیر بعد انہیں بھی نیند آگئی لیکن جب وہ جاگے تو انہیں اپنی زندگی کے سب سے بڑے صدمے کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے سینے پر الٹے لیٹے بچے کی دم گھٹنے سے موت ہوچکی تھی۔

اس سانحے کے بعد سے ڈاکٹر ہینکی اور ان کی اہلیہ نے سڈن انفنٹ ڈیتھ سنڈروم (ایس آئی ڈی ایس) کے بارے میں والدین کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے ایک مہم کا آغاز کررکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بچے کو چھاتی پر لٹا کر سونا خطرناک ثابت ہوتا ہے کیونکہ بعض اوقات جب آپ خود سوجاتے ہیں تو بچہ نیچے گرجاتا ہے یا جب آپ کروٹ لیتے ہیں تو آپ کے نیچے آکر ننھے بچے کی سانس بند ہوسکتی ہے۔بہتر یہی ہے کہ ننھے بچے کو ہمیشہ خود سے علیحدہ اور محفوظ بستر میں سلائیں۔