شمالی کوریا کے معاملے پر امریکی صبر لبریز،امریکہ اب فوجی کاروائی کرنے پر غور کرے گا،امریکی دفاعی ماہرین


شمالی کوریا کے معاملے پر امریکی صبر لبریز،امریکہ اب فوجی کاروائی کرنے پر غور کرے گا،امریکی دفاعی ماہرین
اُردو آفیشل۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے معاملے پر اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ، ان سے مذاکرات کا وقت گزر چکا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے معاملے پر امریکا سفارتی حکمت عملی سے اکتا چکا ہے اور اب وہ فوجی کارروائی پر غور کر سکتا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلے کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے بین البراعظمیٰ بیلسٹک میزائل تجربے کے بعد اس معاملے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنا بے سود ہو گا کیوں کہ شمالی کوریا سلامتی کونسل کی متعدد قرار دادوں کی خلاف ورزیاں کرتا آیا ہے اور ایسے میں ایک اور قرار داد منظور کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شمالی کوریا نے دعوی کیا تھا کہ اس نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو امریکا تک مار کرسکتا ہے، شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد امریکا نے بھی گزشتہ روز اپنے میزائل دفاعی نظام تھاڈ کا 15ویں بار کامیاب تجربہ کیا، اس میزائل سسٹم کو بہت جلد جنوبی کوریا میں نصب کیا جائے گا۔
اب ڈیوڈ ہیلے نے چین، جاپان اور جنوبی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ شمالی کوریا پر دباو¿ بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار ہم سلامتی کونسل میں ایک قرارداد منظور کرکے بیٹھ جاتے ہیں جس سے شمالی کوریا کو یہ پیغام جاتا ہے کہ عالمی برادری اسے روکنے کے لیے سنجیدہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب چین کو حتمی طور پر یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے یا نہیں، کیوں کہ بات چیت کا وقت اب گزر چکا ہے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ چین کے رویے سے بہت زیادہ مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے بے وقوف رہنماو¿ں نے چین سے تجارت کرکے سالانہ اربوں ڈالرز کمانے کا موقع دیا تاہم بدلے میں چین نے شمالی کوریا کے معاملے پر امریکا کی کوئی مدد نہیں کی حالانکہ اگر وہ چاہتا تو آسانی سے یہ مسئلہ حل کر سکتا تھا، لیکن ہم مزید اس بات کی اجازت نہیں دیں گے۔
جنوبی کوریا کی ڈونگ یانگ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر برائے ملٹری اسٹڈیز جیونگ ینگ تائے کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے کیا جانے والا حالیہ تجربہ امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن گیا ہے اور اب امریکا کو شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آ رہی۔ اب کوئی چاہے یا نہ چاہے لیکن اس نازک صورتحال میں شمالی کوریا کے خلاف امریکا کی جانب سے یکطرفہ فوجی کارروائی کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔