اوٹاوا(اردو آفیشل 29جولائی 2017)دیگر مغربی ممالک کی طرح کینیڈا میں بھی ایک سے زائد شریک حیات رکھنا جرم ہے لیکن برٹش کولمبیا کے علاقے میں ایک ایسے شخص کا انکشاف ہوا ہے جس نے ایک، دو نہیں بلکہ اکٹھی 25 شادیاں کر رکھی تھیں. بلیک مور نامی اس شخص کی 25 بیویوں سے اس کے 145 بچے بھی ہیں.
کینیڈا جیسے ملک میں اس معاملے کا انکشاف سامنے آیا تو ہر کوئی حیرت میں ڈوب گیا. ساٹھ سالہ بلیک مور کی دو درجن سے زائد شادیوں کا انکشاف سامنے آتے ہی اس کو گرفتار کرلیا گیا، لیکن اس نے دلچسپ موقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے مذہب کا پیروکار ہے جس میں مردوں کیلئے حکم ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہو زیادہ سے زیادہ شادیاں کریں. اس کی مذہبی شعبدہ بازی سے متاثر ہو کر ایک کے بعد ایک خاتون اس سے شادی کرتی چلی گئی تھی.بلیک مور کے وکیل بلیئر سفرڈین نے عدالت کوبتایا کہ اس کا موکل اپنے مذہب کے احکامات پر عمل کررہا تھا. اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ محض اپنے مذہب کی پیروی کرنا بھی کوئی جرم ہوسکتا ہے. بلیک مور کا کہنا ہے کہ اگر اس کی متعدد شادیوں کو جرم قرار دیا گیا تو وہ عدالت کا رُخ کرے گا اور کینیڈا کے قانون کو چیلنج کرے گا. دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق بلیک مور نے مزید کہا کہ گزشتہ 27سال سے وہ اسی طرح زندگی گزاررہا ہے اور اس نے کبھی اس معاملے کو چھپانے کی کوشش نہیں کی ہے. مقدمے کی سماعت جاری ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ عدالت اسے مجرم قرار دیتے ہوئے کم ازکم پانچ سال قید کی سزا دے گی.