نئی دہلی: بھارت میں بیف بریانی پر تو پابندی ہے لیکن چھپکلی بریانی دستیاب ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹرین میں سوار ایک مسافر کی حالت اس وقت غیر ہوگئی جب اس کی سبزی بریانی میں سے چھپکلی برآمد ہوئی۔
یہ واقعہ پوروا ایکسپریس میں پیش آیا جب ایک مسافر نے سبزی کی بریانی کا آرڈر دیا۔ جب اس نے بریانی کھانا شروع کی تو اسے ذائقہ کچھ الگ محسوس ہوا لیکن وہم سجھ کر اس نے یہ خیال جھٹک دیا، تاہم اچھی خاصی بریانی کھانے کے بعد آخر میں پکی ہوئی چھپکلی دیکھ کر اس کی حالت غیر ہوگئی۔
ساتھی مسافر میگھنا سنہا نے کھانے کی تصویر دیکھ کر ٹویٹ کردی۔ مسافر کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی جب کہ انڈین ریلویز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹرین میں کھانا فروخت کرنے والے کا ٹھیکہ منسوخ کردیا اور تحقیقات شروع کردیں۔
بھارتی ٹرینوں میں صفائی ستھرائی کی صورت حال اتنی ناقص ہے کہ کھانے میں سبزی کے ساتھ کیڑے مکوڑے بھی پیش کردیے جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے اس واقعے پر ریلوے حکام کا خوب اڑاتے ہوئے دلچسپ ٹویٹس کیں۔
قائد نامی ایک صارف نے لکھا کہ آئندہ چھپکلی کی شرمندگی سے بچنے کے لیے ریلوے اپنے ہاں صرف سبزی والے کھانے ہی رکھے تو بہتر ہوگا۔ مایانتی لنگر نے اپنی ٹویٹ میں اسے ’’مزیدار چھپکلی بریانی‘‘ قرار دیا جو صرف بھارتی ٹرینوں میں ہی پیش کی جاتی۔ سنجیو ڈبی نے تبصرہ کیا ’’ارے یہ تو بہت چھوٹی سی چھپکلی ہے یہ انڈین ریلوے کی نہیں ہوسکتی!‘‘ جیجو نامی ایک صارف نے لکھا ’’ارے مفت میں گوشت والی بریانی مل رہی ہے اور کیا چاہیے؟‘‘ کبیرا سنو نے کہا کہ سال کے باقی مہینے کھانے میں چھپکلی نکلنا تو کوئی بڑی بات نہیں تھی لیکن ساون کے مہینے میں دھرم بھرشٹ کرودایا بے چارے کا۔