چین کی بھارت کو سنگین دھمکی،پہاڑ کو ہلانا آسان مگر چینی فوج کو ہلانا آسان نہیں،تنازعہ شدت اختیار کر گیا


چین کی بھارت کو سنگین دھمکی،پہاڑ کو ہلانا آسان مگر چینی فوج کو ہلانا آسان نہیں،تنازعہ شدت اختیار کر گیا
اُردو آفیشل۔ چین نے بھارت کو اب تک کی سب سے سنگین دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہاڑ کو ہلانا تو آسان ہے لیکن چین کی پیپلز لبریشن آرمی کو ہلانا آسان نہیں ہے۔
چینی وزارت دفاع کے ترجمان ’وو کیان‘ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چینی فوج کی دفاعی صلاحیتوں میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، اور وہ اچھے طریقے سے اپنی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کر سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کو تمام معاملات تقدیر کے حوالے نہیں کرنے چاہئیں اور احمقوں کی جنت میں نہیں رہنا چاہیے اور مسئلے کے حل کی طرف بڑھنا چاہیے۔ ووکیان کا کہنا تھا کہ چینی فوج نے سکم بارڈر پر ہنگامی اقدامات مکمل کرلیے ہیں جس کے بعد محاصرے اور مشقوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
انہوں نے بھارت کو پیغام دیا کہ ہم بھارت کو کہیں گے کہ اپنی غلطی سدھارنے کیلئے حقیقت پسندانہ اقدامات اٹھائے اور چین کے ساتھ مل کر سرحدوں کو محفوظ بنائے اور امن عمل میں کردار ادا کرے۔
واضح رہے کہ بھارت نے کچھ عرصہ قبل بھوٹان کے کہنے پر سکم بارڈر پر بھاری فوج کے ساتھ چین کے علاقے میں مداخلت کی جس کے بعد سے دونوں ملکوں میں تنازعہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔