راج کپور جیسا کوئی فلمساز نہیں، انڈسٹری میں میری زندگی پر سب سے گہرا اثر انہی کا ہے،انیل کپور
اُردو آفیشل۔ بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف ’’کپور خاندان ‘‘ کے چشم و چراغ اور بالی ووڈ کے مشہور ہیرو انیل کپور نے کہا ہے کہ ان کی زندگی میں آنجہانی اداکار اور فلم ساز راج کپور نے سب سے گہرا اثر چھوڑا ہے ،راج کپور بھارتی فلم انڈسٹری میں سب سے شاندار شخصیت ،بہترین آرٹسٹ اور ایک عظیم ڈائریکٹر تھے ،مجھے نہیں لگتا کہ کسی دوسرے فلمساز نے اتنے جاندار اور خوبصورتی سے اداکاراؤں کو ہندوستانی فلموں میں پیش کیا ہو جس خوبصورتی سے راج کپور نے کیا ۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق انیل کپور اور ارجن کپور کی نئی آنے والی فلم ’’مبارکاں‘‘ کی پرموشن میں نیا ٹرینڈ متعارف کراتے ہوئے ’’میوزک کنسرٹ ‘‘ منعقد کیا گیا جس میں فلم میں شامل ستاروں کے علاوہ کئی بھارتی اداکاراؤں نے شرکت کی ،اس موقع پر ’’مبارکاں ‘‘ کی ٹیم نے فلم میں شامل گانوں پر جم کر رقص کیا جبکہ میوزک کنسرٹ کی میزبانی بھی انیل کپور اور ان کے بھتیجے ارجن کپور نے خود کی اور آگے بڑھ بڑھ کر مہمانوں کا استقبال کرتے رہے ۔ پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی تقریب میں نظر آنے والے ’’چچا بھتیجا‘‘ نے میوزک کنسرٹ کو چار چاند لگا دیئے ۔ارجن کپور کے لائٹ موڈ میں کئے گئے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے چچا انیل کپور کا کہنا تھا کہ راج کپور کی شخصیت نے ہندوستانی فلم انڈسٹری میں سے ان کی زندگی پر گہرے اور انمٹ نقوش چھوڑے ہیں ،وہ بڑی ہی باغ و بہار اور بارعب شخص تھے ،راج کپور ایک اچھے انسان تو تھے ہی لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ ، شاندار آرٹسٹ اور عظیم ڈائریکٹر تھے،ان کی فلمیں دل کو چھونے والی ہوتیں تھیں جبکہ راج کپور کی ڈائریکشن میں بننے والی فلموں کی موسیقی اور پس منظر میں فلم بندی بھی انتہائی منفرد ہوتی تھی ۔