ممبئی (اردو آفیشل) بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سری دیوی کا کہنا ہے کہ ان کے دور میں وینٹی وین کی سہولت دستیاب نہیں ہوتی تھی جس کی وجہ سے وہ فلموں کی شوٹنگ کے دوران جھاڑیوں میں چھپ کر یا بس کے پیچھے کپڑے بدلا کرتی تھیں۔ بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں سری دیوی نے بتایا کہ انہوں نے برسات کے بہت سے گانے عکسبند کرائے ہیں جو کسی عذاب سے کم نہیں ہوتے تھے۔ جب بھی بارش کا گانا فلمایا جاتا تھا تو وہ اکثر بیمار ہو جایا کرتی تھیں۔
انہوں نے پرانے زمانے کی فلموں میں پیش آنے والی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کی اداکاراﺅں کیلئے بہت سہولت پیدا ہو گئی ہے کیونکہ وہ وینٹی وین میں بیٹھ کر اپنے ضروری کام نمٹا سکتی ہیں ۔ پرانے زمانے میں وینٹی وین کی سہولت نہیں ہوتی تھی بلکہ وہ لوگ جھاڑیوں میں چھپ کر یا گاڑی کے پیچھے کھڑے ہو کر کپڑے تبدیل کیا کرتے تھے۔