ہالی وڈ کا ہریتھک روشن کی بلم قابل کا ریمیک بنانے کا فیصلہ
اردو آفیشل بالی وڈ اسٹار ہریتھک روشن کی فلم ’’قابل‘‘ کا ہالی وڈ ریمیک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بالی وڈ کی اکثر فلموں کو ہالی وڈ اور مقامی فلم نگری کا چربہ قرار دیا جاتا ہے اور کئی سپر ہٹ فلموں پر کہانی چوری کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں لیکن اب دنیا کی سب سے بڑی فلم نگری ہالی وڈ نے بالی وڈ فلم کا ریمیک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہالی وڈ فلم پروڈکشن کمپنی 20 سینچری فوکس نے بالی وڈ فلم ’’قابل‘‘ کا ریمیک بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور فلم کے ریمیک رائٹس خریدنے کے لیے ہریتھک روشن سے بات چیت کی ہے جس پر انہوں نے آمادگی ظاہر کردی ہے۔
جب کہ فلم کے پروڈیوسر راکیش روشن ریمیک رائٹس فروخت کرنے سے متعلق جلد ہی حتمی فیصلہ کریں گے۔
فلم کے ہدایتکار سنجے گپتا نے بھی ریمیک رائٹس کی خریداری کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فوکس انٹرنیشنل پروڈکشن کے صدر تھامس جیگس کی جانب سے فلم کی خریداری کے لیے رابطہ کرنا ہماری ٹیم کے لیے فخر کا باعث ہے لیکن اس حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ راکیش روشن ہی کریں گے۔
ایکشن اسٹار ہریتھک روشن کی فلم ’’قابل‘‘ نے باکس آفس پر کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کی تھی لیکن فلم کو کافی پسند کیا گیا تھا جب کہ فلم میں ایکشن اسٹار نے نابینا شخص کا کردار نبھایا تھا جسے بے حد سراہا گیا تھا۔