پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نیا اضافہ


آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے آئندہ ماہ کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں تقریباً 7 سے 9 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمتوں میں تقریباً 6 روپے اضافے کی تجویز دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق تاہم حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کی شرح میں کمی کرکے پیٹرول اور ایچ ایس ڈی کی قیمت میں 4 سے 5 روپے تک اضافے کی توقع کی جارہی ہے جبکہ مٹی کے تیل اور ایل ڈی او کی قیمت میں تقریباً 6 روپے فی لیٹر اضافے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ اوگرا، جسے گزشتہ ماہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ میں نظرانداز کیا گیا تھا، اس بار انہوں نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی موجودہ ٹیکس کی شرح اور درآمدی لاگت پر مبنی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے حکومت کو ایک ورکنگ پیپر ارسال کیا۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کی شرح کو کم کرکے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 سے 5 روپے فی لیٹر تک اضافہ جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 6 روپے اضافے کی اجازت دینے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ پروگرام کی بحالی پر غور اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیاسی دباؤ کے باعث وزارت خزانہ اور پیٹرولیم کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہوسکا کیونکہ گزشتہ ماہ کے 27 سے 66 فیصد کے اچانک دھچکے کے باعث بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی۔ تاہم پالیسی فیصلے کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو سیاست سے دور رکھنے اور اوگرا کے ذریعے قیمتوں کو حتمی شکل دینے کے لیے بھی دلائل دیے گئے۔