صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا داماد جارڈ کوشنر طاقت کے کھیل کا عالمی کھلاڑی بن کر ابھرا ہے۔اس کے پسِ پردہ ہنری کسنجر کا شاہ دماغ کار فر ما ہے۔ وہ دورِ جدید کالارنس آف عریبیا ہے جو ایران کے مقابل عرب قوم پرستی کے جذبات کو ہوا دے کر مشرقی وسطیٰ کو ہولناک بحران میں دھکیل رہا ہے، اس شاطر کا کمال یہ ہے کہ اس نے سعودی عرب کے خادمِ حرمین شریفین اور ان کے خاندان کو فلسطینیوں اور حماس کے مدمقابل تل ابیب کے صہیونیوں کے ساتھ کھڑاکردیا ہے، جبکہ بعض شہزادے تو فائیو اسٹار جیل خانے میں تفتیش بھگت رہے ہیں۔
برطانوی فوج کے معروف جاسوس لیفٹیننٹ کرنل تھامس ایڈورڈ لارنس المعروف ’’لارنس آف عریبیا‘‘ نے پہلی جنگ عظیم کے دوران سلطنت عثمانیہ کے زیر نگیں عرب علاقوں میں عرب قوم پرستی کے جذبات بھڑکا کر بغاوت کروا کے عالمی شہرت پائی۔ اس بغاوت کے نتیجے میں جنگ عظیم کے بعد عرب علاقے سلطنتِ عثمانیہ کی دسترس سے نکل گئے۔ اسلامی خلافت کے خاتمے کے لیے عربوں میں قوم پرستی کے جذبات جگا کر انہیں ترکوں کے خلاف متحد کرنے کے باعث انہیں لارنس آف عریبیا بھی کہا جاتا ہے۔ یہ خطاب ۱۹۶۲ء میں لارنس آف عریبیا کے نام سے بننے والی فلم سے عالمی شہرت اختیار کر گیا۔ مزید تفصیلات جاننے کے لئے ویڈیو ملاحظہ کریں