دنیا کا وہ شہر جہاں ٹریفک وارڈن صرف نوجوان کنواری لڑکیاں ہوتی ہیں اور26برس کی عمر میں ان کو ریٹائر کردیا جاتا ہے، اس عجیب و غریب قانون کی وجہ کیا ہے؟ جان کر آپ بھی حیران ہوں گے


پیانگ یانگ(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں ٹریفک پولیس تو ہر جگہ پائی جاتی ہے لیکن شاید ہی کہیں یہ پولیس ایسی دلکش ہو جیسی شمالی کوریا میں ہے۔ پولیس آفیسر کی نوکری کے لیے ہر جگہ تعلیم اور جسمانی فٹنس وغیرہ جیسی شرائط رکھی جاتی ہیں لیکن شمالی کوریا شاید دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اس نوکری کے لیے خوبصورت، کم عمر اوردرازقامت لڑکی ہونا کافی ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق بظاہر یوں لگ رہا ہے جیسے شمالی کوریا میں ٹریفک پولیس آفیسرز کی نوکریاں ملک کی خوبصورت ترین اور لمبے قد والی لڑکیوں کے لیے مختص کر دی گئی ہیں، کیونکہ دارالحکومت پیانگ یانگ کے ہر چوراہے پر ایک عدد خوبصورت ترین لڑکی ٹریفک پولیس کی وردی پہنے کھڑی نظر آتی ہے۔ ان لڑکیوں کو اوائل جوانی میں پولیس میں بھرتی کر لیا جاتا ہے اور 26سال کی عمر میں ریٹائر کر دیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک کے دیگر تمام شہروں میں بھی خوبصورت لڑکیاں ٹریفک کنٹرول کرتی نظر آتی ہیں تاہم یہ حسین ٹریفک پولیس آفیسر پیانگ یانگ کی شناختی علامت بن چکی ہیں جو ٹریفک پولیس کو رواں رکھنے کے ساتھ ساتھ گزرنے والے حکومتی اور فوجی عہدیداروں کو سلیوٹ بھی کرتی ہیں۔ پیانگ یانگ کی ان ٹریفک پولیس آفیسرز کے لیے ایک ویب سائٹ (www.pyongyangtrafficgirls.com)بھی بنائی گئی ہے جس کے مرکزی صفحے پر ہر ماہ ایک خوبصورت ترین پولیس آفیسر کی تصویر آویزاں کی جاتی ہے اور اسے ”پیانگ یانگ ٹریفک گرل آف دی منتھ“ کا خطاب دیا جاتا ہے۔

ویب سائٹ پر ایک گیم بھی موجود ہے اور ایک فورم بھی بنایا گیا ہے جہاں ان خوبصورت ٹریفک پولیس آفیسر سے محبت کرنے والے شائقین ان کے لیے پیغامات شیئر کرسکتے ہیں اور ان کے لیے شعر کہہ کر اپنے جذبات کا اظہار کر سکتے ہیں۔ شمالی کوریا کے لوگ ان ٹریفک آفیسرز کے لیے ہی محبت کا جذبہ نہیں رکھتے، مجموعی طور پر پورے شمالی کوریا میں خواتین سے وارفتگی کا اظہار اس قدر زیادہ کیا جاتا ہے کہ بسااوقات احمقانہ حد کو چھونے لگتا ہے۔ ملک میں ٹکٹس، اشتہاروں، پوسٹرز اور بل بورڈز وغیرہ پر خواتین کی تصاویر بکثرت استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ خوبصورت ٹریفک پولیس آفیسرز تو اس قدر مشہور ہیں کہ ان سے مشابہت رکھتے کھلونے شمالی کوریا کی مارکیٹس میں دستیاب ہیں جو والدین اپنے بچوں کے لیے خریدتے ہیں۔ 2013ءمیں ’ری کیونگ سم‘ نامی 22سالہ ٹریفک آفیسر کو ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز”ہیرو آف دی ری پبلک“ سے نوازا گیا تھا۔ بظاہر کیونگ سم کو یہ اعزاز اپنے فرائض بہترین طریقے سے نبھانے پر دیا گیا تاہم یہ افواہ بھی گردش میں رہی ہے کہ اس نے ملک کے حکمران کم جونگ ان کی ایک قاتلانہ حملے میں جان بچائی تھی۔کیونگ سم کو اعزاز دینے کی تقریب سرکاری ٹی وی پر براہ راست دکھائی گئی تھی اور اب اس کا ’پیانگ یانگ ٹریفک گرلز‘ ویب سائٹ پر اپنا ’فین پیج‘ ہے۔