بیرونی خبر رساں ایجنسیس کے مطابق ڈچ حکومت نے مسلمانوں کے دباو کی وجہ سے خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا ہے، ایک نجی ٹی وی چینل نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ڈچ حکومت نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے، نیدر لینڈ کے پارلیمنٹ نے تحریری وضاحت جاری کردی ہے، ڈچ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مقابلے پر قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔
اس طرح تمام دنیا کے مسلمانوں کا احتجاج رنگ لے آیاہے اوریہ مقابلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متعدد اقدامات اٹھائے تھے جس میں ہالینڈ کی حکومت سے باضابطہ احتجاج سمیت وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے معاملہ اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے جانے کا بھی اعلان کیاگیاتھا بالاخر نمایاں طورپر پاکستان کی کوششوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے دباﺅ کے بعد یہ مقابلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہالینڈ میں خاکوں سے حضورؐ کی شان میں گستاخی کی گئی، انہوں نے کہا کہ واضح کرتا ہوں یہ ایک مسلمان کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ تمام مسلمانوں کا ہے، نبی پاکؐ تمام مسلمانوں کے دل میں رہتے ہیں، نبی پاکؐ کی شان میں گستاخی ہو تو مسلمانوں کو دکھ پہنچتا ہے۔ اس معاملے پر مغرب کو سمجھانے کی ضرورت ہے، تمام مسلمان ممالک کویک زبان ہو کر پیغام دینا ہو گا، او آئی سی کے پلیٹ فارم سے مشترکہ طور پر آواز اٹھانا ہو گی، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ او آئی سی کے ذریعے اقوام متحدہ میں بات کریں گے، انہوں نے کہا کہ ساری مسلم امہ او آئی سی کے فورم سے اقوام متحدہ سے بات کرے۔ شاہ محمود قریشی کو اس حوالے سے ہدایات دے دی ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کئی مسلم ممالک سے رابطے بھی شروع کر دیے ہیں، وزیر خارجہ اس حوالے سے اقوام متحدہ میں میٹنگز کریں گے، انشاء اللہ ہم مضبوط احتجاج کریں گے، ہم دنیا کو اس معاملے پر سمجھائیں گے، انشاء اللہ ہم کامیاب ہوں گے۔