امید ہے فضل الرحمان میرے حق میں دستبردار ہوجائیں گے: اعتزاز احسن


پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے امید ظاہر کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان ان کے حق میں صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہوجائیں گے۔

الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن ذاتی دوست ہیں، ان کا احترام کرتاہوں، امید ہے کہ وہ میرے حق میں صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب جماعتوں سے ہمیں ووٹ کی توقع ہے کیونکہ یہ ضمیر کاووٹ ہے اور سیکرٹ بیلٹ ضمیر کا ووٹ ہوتا ہے۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 63 اے اراکین اسمبلی کو پارٹی کے حق میں ووٹ دینے کا پابند کرتا ہے اور یہ وقت انصاف کا ہے، پی ٹی آئی کو امیدواروں کے درمیان بھی انصاف کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدارت کے لیے موزوں کون ہے اس کا فیصلہ ووٹر کو کرنا ہے تاہم امید ہے کہ پی ٹی آئی کے کئی ارکان مجھے بھی ووٹ دیں گے۔

اعتزاز احسن کا مزید کہنا تھا کہ صدارتی امیدوار کے لیے میرا نام ہونا میری پارٹی کا احسان ہے۔

واضح رہے کہ آج چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کررہے ہیں، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی پیش ہوئے۔

دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد چیف الیکشن کمشنر نامزدگی فارم درست قرار دیتے ہوئے منظور کرلیے۔

صدارتی امیدواروں میں تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان کے نام شامل ہیں۔