ہمارے معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ، مقبول قومی ترانے “دل دل پاکستان” کے موجد کس حال میں ہیں؟ آپکو یہ جان کر بے حد حیرانگی ہوگی کہ دل دل پاکستان جیسا مشہور ملی نغمہ جو پوری دنیا میں آج بھی بہت پسند کیا جاتا ہے اور ہر پاکستانی بچے کی زبان پر ہے: اسکے تخلیق کار و شاعر آج بھی غربت کے باعث کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں.
تفصیل کے مطابق دل دل پاکستان کا شمار پاکستان کے مقبول ترین ملی نغموں میں کیا جاتا ہے. اس نغمے کی وجہ سے نہ صرف مرحوم جنید جمشید کو پوری دنیا میں پذیرائی ملی بلکہ بہت سے گلوکار انکے لکھے هوئے گیت گاکر مشہور هوئے.
بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ مشہور ملی نغمہ دل دل پاکستان راولپنڈی ڈھوک رتہ کے مشہور شاعر نثار ناسک کی تخلیق ہے جوکہ انتہائی برے حالات میں ابھی تک ایک چھوٹے سے مکان میں علالت کے دن گزار رہے ہیں. انکی یاداشت اور بینائی بھی آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے. مگر یہ نغمہ دل دل پاکستان آج بھی انہیں یاد ہے. انھیں پی ٹی وی کی جانب سے تو لاتعداد ایوارڈ ملے لیکن شاید کوئی ایوارڈ انکی ادبی خدمات کا حق ادا نہ کرسکا. انھیں اب تک انکا جائز مقام نہیں مل سکا جو کہ پاکستانیوں کے لیے شرم کا مقام ہے.