بھارت میں پولیس کی موجودگی میں ان خواتین کو سرعام کوڑے کیوں مارے جارہے ہیں؟ وجہ ایسی کہ جان کر آپ بھی سر پکڑ کر بیٹھ جائیں گے


بھارتی ریاست تامل ناڈو سے سامنے آنیوالی ویڈیو نے دنیا بھر میں پلچل مچا دی جس میں ایک پنڈت بیٹھی ہوئی سینکڑوں خواتین کو کوڑے ماررہا ہے اور ان میں عمررسیدہ خواتین بھی شامل ہیں۔اس عجیب رسم کا مقصد خواتین کو شیطانی اثرات اور بدروحوں سے چھٹکارا دلانا ہے۔ ہر سال ستمبر سے اکتوبر کے درمیان جنوبی بھارت خطے تامل ناڈو کے اچھاپن مندر میں ہزاروں خواتین ایک میلے میں شریک ہوتی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خواتین گھٹنوں پر دو زانو ہوکر بیٹھ جاتی ہیں اور اپنی باری پر ہاتھ بلند کرتی ہیں اور مندر کا پنڈت ہوا میں کوڑا گھما کر اس خاتون کے بلند ہاتھوں پر مارتا ہے ۔ بسا اوقات کوڑا خاتون کے جسم اور کمر پر بھی لگ جاتا ہے۔ ہر خاتون کوڑا کھانے کے بعد وہاں سے اٹھ جاتی ہے۔ اس طرح ایک کے بعد ایک قطار میں بیٹھی خواتین کی باری آتی رہتی ہیں۔

2000 خواتین کی ایک قطار کو کوڑے کھانے میں 5 گھنٹے تک لگ سکتےہیں۔ اکثر خواتین کوڑے کی شدت سے کراہتی ہیں اور جبکہ اس دوران ان کے اہلِ خانہ یہ سب منظر دیکھتے رہتے ہیں۔ یہاں لائی جانے والی ایک اسکول کی طالبہ وشاکا نے بتایا کہ وہ بیمار ہے اور اس کے والدین سمجھتے ہیں کہ اس پر آسیب کا اثر یا سایہ ہے اور کوڑا کھا کر وہ اثرات سے پاک ہوجائے گی۔ اس کے بعد طالبہ نے روتے ہوئے کہا کہ ’ میرے دوست کوڑوں کے نشان دیکھ کر میرا مذاق اڑائیں گے کہ میں دماغی مریضہ ہوں کیونکہ یہاں بہت سی خواتین کسی نہ کسی دماغی بیماری کی شکار ہیں۔‘

اسی طرح ایک اور نوعمر لڑکی کو یہاں لایا گیا تھا جس کے بلوغت کے کچھ مسائل تھے۔ اس کے علاوہ ایک اور 60 سالہ خاتون نے کہا کہ وہ دس سال سے یہاں آکر کوڑے کھا رہی ہیں جس سے جسمانی، نفسیاتی اور روحانی بیماریاں فوری ختم ہوجاتی ہیں۔