”امام الحق کو اس لئے منتخب کیا کیونکہ۔۔۔“ بھتیجے کو ٹیم میں شامل کرنے کے معاملے پر انضمام الحق بھی میدان میں آ گئے، ایسی بات کہہ دی جس کی کسی کو توقع نہ تھی، جان کر آپ بھی بے اختیار کہہ اٹھیں گے ”انضی بھائی آپ بھی“


سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے منتخب کئے گئے سکواڈ میں ایک نام امام الحق کا بھی ہے جو چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے ہیں اور ان کی سلیکشن پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔تاہم انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ان کی سلیکشن ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر ہوئی ہے، اور اس سلیکشن کو میرے بھتیجے کے طور پر نہ دیکھا جائے۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ چیمپینز ٹرافی کی فاتح ٹیم میں تبدیلی نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن اظہر علی کی انجری کے باعث ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد انہیں آرام دینے کافیصلہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں اظہرعلی کے گھٹنے میں مسئلہ تھا تاہم ڈاکٹرز نے انہیں ٹیکہ لگا کر کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔
انضمام الحق نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کے دروازے کسی کےلئے بند نہیں کئے گئے جس پر ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ اگر امام الحق کی سلیکشن کارکردگی کی بنیاد پر کی گئی ہے تو ان کی جگہ سمیع اسلم کو کیوں منتخب نہیں کیا گیا جن کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی امام الحق سے بہتر ہے۔
سمیع اسلم ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ میں 8 سنچریاں بنا چکے ہیں جن میں رواں سال ون ڈے کپ میں بنائی گئی 2 سنچریاں بھی شامل ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں امام الحق کی ڈومیسٹک ون ڈے میں صرف ایک سنچری ہے۔
سمیع اسلم کی ڈومیسٹک ون ڈے میں اوسط 48.50ہے اورامام الحق کی کی اوسط 36 ہے۔ اس کے علاوہ خرم منظور کی کارکردگی بھی ڈومیسٹک ون ڈے میں امام الحق سے بہترپائی جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب امام الحق کی سلیکشن پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور انضمام الحق کو بھی اپنوں کو نوازنے والوں کی فہرست میں شمار کیا جانے لگا ہے۔