متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک پاکستانی جوڑے نے پہلے تو لڑ جھگڑ کر اپنا گھر خراب کیا اور پھر خاتون نے اپنے سابق شوہر کو سبق سکھانے کے لئے ایک ایسا ڈرامہ کر دیا کہ سب کے سامنے رسوا ہو گئی۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق 33 سالہ پاکستانی خاتون نے اپنے ہم وطن بزنس مین سے شادی کررکھی تھی لیکن مارچ 2014ءمیں انہوں نے طلاق کیلئے دبئی شریعت کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ طلاق کے مقدمے کی سماعت کے دوران ہی پاکستانی بزنس مین کو عدالت کی جانب سے نوٹس موصول ہوا کہ وہ اپنی سابقہ اہلیہ کو ایک لاکھ 75ہزار درہم (تقریباً 50 لاکھ 21 ہزار پاکستانی روپے) ادا کرے کیونکہ یہ رقم اس کے ذمہ واجب الادا ہے۔
خاتون نے عدالت کے سامنے ایک عہد نامہ پیش کیا تھا جس میں پاکستانی بزنس مین نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ سے لیا گیا ایک لاکھ 75ہزر درہم قرض واپس کرنے کا پابند ہے۔ اس عہد نامے کو دیکھ کر یہ شخص بہت حیران ہوا۔ اس نے عدالت کو بتایا کہ اس کے ذمہ صرف 5ہزار درہم تھے اور اسے معلوم نہیں کہ یہ ایک لاکھ 75ہزار درہم کیسے ہوگئے۔ اس نے درخواست کی کہ یہ معاملہ دبئی پولیس کی کرمنل لیب کے حوالے کیا جائے تاکہ عہد نامے میں کی گئی جعلسازی کا پتہ چلایا جاسکے۔
جب اس معاملے کی تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ عہد نامے پرلکھے ہوئے 5000 کے ساتھ خاتون نے 17کا اضافہ کرکے اسے 175000 درہم بنادیا تھا۔ ہیڈرائٹنگ ماہرین نے تصدیق کردی کہ 5000 اور 17 مختلف افراد کے ہاتھ سے لکھے ہوئے ہندسے تھے۔ اب اس خاتون کے خلاف جعلسازی اور عدالت کے سامنے جھوٹ بولنے کے مقدمات کے تحت قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ عدالت نے اسے اگلی پیشی کیلئے 12اکتوبر کے روس حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔