فلم تھری ایڈیٹس کا ملی میٹر خوبرو نوجوان بن گیا


فلم تھری ایڈیٹس کے ہر کردار نے شائقین کے ذہنوں پر اپنے نقش چھوڑے۔ ان میں سے ہی ایک کردار ملی میٹر کا تھا۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ اداکار کون ہے؟ اور آج کل کس حال میں ہے؟
ممبئی: (ویب ڈیسک) فلم تھری ایڈیٹس کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں میں ہوتا ہے۔ اس فلم کا مرکزی کردار تو عامر خان نے نبھایا تاہم دیگر ایکٹرز نے بھی لوگوں کے ذہنوں میں اپنی چھاپ چھوڑی۔ ان میں سے ہی ایک کردار ملی میٹر کا تھا۔ ایک فلم کے بعد یہ ایکٹر پردہ سمیں سے غائب ہو گیا۔ آئیے آپ کو اس کے بارے میں کچھ تفصیلات بتاتے ہیں۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم تھری ایڈیٹس میں ملی میٹر کا کردار ادا کرنے والے ایکٹر کا نام راہول کمار ہے جو 1995ء میں بھارتی ریاست اتر اکھنڈ کے شہر المورا میں پیدا ہوا۔ 22 سالہ راہول کمار نے اپنے کیریئر کا آغاز بہت چھوٹی سی عمر میں کیا۔ فلموں میں کام کرنے سے پہلے یہ نوجوان تھیٹر پر بھی اپنی فنکاری کے جوہر دکھا چکا تھا۔ راہول کمار نے بہت سے کمرشلز اور ٹیلی وژن شوز میں کام کیا لیکن اسے اصل شہرت تھری ایڈیٹس سے ہی حاصل ہوئی۔

راہول کمار نے صرف 3 سال کی عمر میں مشہور فلم اومکارا میں سیف علی خان کے بیٹے کا رول ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ اس نوجوان نے دی بلیو امبریلا، جینا ہے تو ٹھوک ڈال اور برونی دی فلم میں بھی کام کیا۔ ابھی حال ہی میں سوشل میڈیا پر راہول کمار کی تصویریں شائع ہوئیں تو لوگ اسے پہچان ہی نہیں سکے۔ اطلاعات ہیں کہ راہول کمار اب بڑے کرداروں کیلئے فلم سازوں کی نظر میں ہیں۔