شمالی علاقہ جات میں مسلسل کئی گھنٹوں سے جاری بارش


پاکستان میں اس بار تیز بارشوں کی وجہ سے پہلے ہی بہت نقصان ہو چکا ہے ۔شمالی علاقہ جات میں مسلسل کئی گھنٹوں سے جاری طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، مختلف علاقوں میں کئی افراد جاں بحق، عمارتیں سیلابی پانی کے ساتھ بہہ گئیں، سیاحوں کو خبردار کر دیا گیا، سیاحتی مقامات کا رخ نہ کرنے کی ہدایت . تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث پانچ افراد ہلاک اور درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ سوات میں آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے

.خاص کر سوات ریجن میں تشویش ناک حد تک تباہی مچی ہے. بتایا گیا ہے کہ سوات اور دیگر شمالی علاقوں میں 24 گھنٹے سے زائد وقت سے مسلسل بارش ہونے کا سلسلہ جاری ہے. سوات کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں دریائے سوات میں طغیانی آنے سے کالام اور بحرین کے قصبوں میں درجنوں مکانات اور دیگر املاک دریا برد ہو گئے ہیں.

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شدید بارش کے دوران مختلف واقعات میں پانچ اموات ہوئیں اور 20 افراد زخمی ہوئے ہیں. جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں تقریباً 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں. پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلوں کے باعث درجوں گھر تباہ ہوگئے. اس تمام صورتحال میں صوبے میں دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے. مزید بتایا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے،

لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے. جبکہ سیاحوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ موسم کی موجودہ صورتحال میں شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کیا جائے. دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخواہ کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے.۔اس بار ے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس سیکشن میں ضرور کریں ۔