چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتا . پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سعودی سفیر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی .اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، ہمیشہ بین الاقوامی معاملات اور مسائل پر مشاورت سے کام کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتا، اسرائیل کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے فیصلے کے دور رس نتائج ہوں گے،پارلیمنٹ بالخصوص ایوان بالا کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا.
دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی نائب وزیرِ دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے.پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی نائب وزیرِ دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کے دوران دفاعی تعاون، خطے کی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی.واضح رہے کہ گزشتہ روز (پیر کو) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں.آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے ہمراہ پیر کی صبح ریاض کے ہوائی اڈے پر پہنچے، جہاں ان کا استقبال سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا، بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے گئے.
بعد میں سعودی وزارتِ دفاع کے دفتر میں سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف اسٹاف فیاض بن حمد الرویلی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا، انہیں سعودی وزارتِ دفاع میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا.آرمی چیف نے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف فیاض بن حمد الرویلی کے علاوہ کمانڈر جوائنٹ فورسز لیفٹیننٹ جنرل (اسٹاف) فہد بن ترکی السعود سے ملاقات کی.اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کی نئی جہتوں اور انہیں مضبوط اور مستحکم بنانے کے طریقوں کا جائزہ جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا.آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عسکری تربیت سمیت فوجی تعلقات کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا.