گزشتہ روز انتقال کر جانے والے پاکستان ٹیلیویژن کے نامور کمپئیر، میزبان اور اداکار طارق عزیز نے وفات سے 2 برس قبل اپنی وصیت میں تمام اثاثے پاکستان کے نام کردیے تھے۔
طارق عزیز نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں اعلان کیا تھا کہ وہ مرنے کے بعد اپنی ساری جائیداد پاکستان کے نام کرتے ہیں۔
طارق عزیز نے اپنی وصیت میں لکھا تھا کہ چونکہ ان کی کوئی اولاد نہیں ہے اس لیے وہ اپنا تمام سرمایہ، اثاثے و املاک پاکستان کے نام کررہے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ یہ خدا کی مرضی ہے جسے چاہے جو دے اور جسے چاہے نہ دے اور جسے چاہے دے کے واپس لے لے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے یہ وصیت کی ہے کہ میرا سب کچھ میرے مرنے کے بعد پاکستان کا ہے۔
واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان، ٹیلی ویژن، فلم، صحافت، ادب اور سیاست کا ایک نمایاں نام طارق عزیز گزشتہ روز 84 سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔