اسٹیٹ بنک نے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کی خبروں کی تردید کر دی


اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سوشل میڈیا میں نئے ڈیزائن والے مختلف مالیتوں کے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔اعلامیہ کے مطابق اسٹیٹ بینک مستقبل قریب میں نئے ڈیزائن کے حامل بینک نوٹ جاری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ایس بی پی ایکٹ 1965ء کے مطابق کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن ، شکل اور میٹریل کے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل وفاقی حکومت کو اسٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش درکار ہوتی ہے۔

اسٹیٹ بینک بورڈ نے اس ضمن میں وفاقی حکومت یا کابینہ کو کوئی بھی سفارش نہیں دی ہے۔ مرکزی بینک نے عوام سے درخواست ہے کہ وہ اس قسم کی افواہوں پر توجہ نہ دیں، اس کا مقصد عوام میں غیر ضروری طور پر سنسنی اور بے چینی پھیلانا ہے۔