قاتل ”بلیو وہیل“ گیم کھیلنےوالا پہلا پاکستانی لڑکامنظر عام پر آگیا


کراچی ( آن لائن) نوجوانوں کی قاتل گیم ”بلیو وہیل“ کی پاکستان آمد کی خبریں تو گردش کر ہی رہی تھیں اور سوشل میڈیا پر ہر جگہ یہ وارننگ دی جا رہی تھی کہ اس گیم سے دور رہیں اور اپنے بچوں کو بھی دور رکھیں کیونکہ اسے کھیلنے والا اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیتا ہے۔
ابھی پاکستانی اس قاتل گیم کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں ہی مصروف تھے کہ اس کا شکار پہلا پاکستانی بھی سامنے آ گیا ہے جس کے باعث پورے ملک میں کھلبلی مچ گئی ہے اور والدین کی راتوں کی نیند کافور ہو گئی ہے کہ کہیں ان کا لخت جگر بھی تو یہ گیم نہیں کھیل رہا۔
پاکستانی لڑکے سے متعلق گیم کھیلنے کا دعویٰ کیا ہے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ”کراچی والے“ نامی ایک پیج نے کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ انہیں یہ تفصیلات اور تصاویر ان کے پیج کے ایک ممبر نے بھیجی ہیں۔
اس پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ”میرے ایک دوست نے یہ جان لیوا گیم ڈاﺅن لوڈ کر کے کھیلی۔ ہم نے اس کے والدین کو بتا دیا ہے۔ اس کے مطابق، اسے ایک واٹس ایپ گروپ میں گیم کے بارے میں بتایا گیا تھا۔
اس نے بلیڈ اور دیگر طریقوں سے اپنی جلد کو رگڑ کر خود کو کئی مرتبہ نقصان پہنچایا۔ وہ اب تک 9 ٹاسک مکمل کر چکا تھا لیکن اس کے گھر والوں کو اس بارے میں بالکل بھی علم نہیں تھا۔ یہ گیم کوئی مذاق نہیں ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنے مضبوط دماغ کے مالک ہیں یا پھر اس گیم کو بیوقافانہ یا فراڈ سمجھتے ہیں، یہ آپ کو کنٹرول کر لیتی ہے۔ حد سے زیادہ خوداعتماد ہو کر اسے مت کھیلیں، اور اس کے قریب بھی نہ جائیں۔
مجھے امید ہے کہ میرے دوست کے گھر والے اب اس پر زیادہ توجہ دیں گے اور اس پریشانی اور دباﺅ سے باہر نکلنے میں مدد کریں گے جس سے وہ گزر رہا تھا۔ آپ کو بھی اپنے واٹس ایپ گروپس کو چیک کرنا چاہئے اور ان لوگوں کو بھی جو آپ کو بے حد پیارے ہیں، اور یہ کام اپنے گھر والوں سے شروع کریں۔“