معروف صحافی سہیل وڑائچ ’’دنیا ‘‘چھو ڑ گئے


پاکستان کے معروف صحافی ،تجزیہ کار اور مشہور شخصیات کے اپنےمنفرد انداز میں کئے جانے والے ٹی وی انٹرویو ز سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے سہیل وڑائچ ایک مرتبہ پھر اپنے پرانے صحافتی ادارے ’’جنگ گروپ‘‘ سے وابستہ ہو گئے ہیں ،سہیل وڑائچ کا ’’جنگ گروپ ‘‘ میں ’’دنیا ‘‘ چھوڑنے کے بعد پہلا کالم کل (بروز جمعرات کو ) 7 ستمبر کو ادارتی صفحات پر شائع ہو گا .تفصیلات کے مطابق مشہور سیاسی ،شوبز اور سماجی شخصیات کے اپنے انتہائی منفرد اور انوکھے انداز میں کئے جانے والے انٹرویو ز سے شہرت حاصل کرنے والے ملک کے ممتاز صحافی ،تجزیہ کار اور میزبان سہیل وڑائچ جنہوں نے حال ہی میں ’’دنیا ‘‘ کو داغ مفارقت دیتے ہوئے امریکہ شفٹ ہونے کا فیصلہ کیا تھا ،نے ایک بار پھر اپنے پرانے ادارے ’’جنگ گروپ‘‘ کا حصہ بن گئے ہیں ،سہیل وڑائچ کا نجی اخبار ’’جنگ ‘‘ میں دوبارہ جوائنگ کے بعد پہلا کالم کل 7 ستمبر (بروز جمعرات کو) شائع ہو گا .

انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق سہیل وڑائچ ایک مرتبہ پھر جنگ گروپ کا باقاعدہ حصہ تو بن گئے ہیں لیکن اس ادارے میں اپنا پرانا عہدہ اور نئی ذمہ داریاں چند روز بعد سنبھالیں گے.واضح رہے کہ سہیل وڑائچ اسی ادارے میں اس سے قبل سینئر ایڈیٹر ایڈیٹوریل اور مشہور پروگرام “ایک دن جیو کے ساتھ“ کے میزبان تھے مگر انہوں نے اس ادارے کو خیر آباد کہہ کر چند ماہ قبل’’ دنیا میڈیا گروپ‘‘ میں شمولیت اختیار کر لی تھی لیکن وہاں انتظامیہ سے ہونے والے اختلافات کے پیش نظر وہ گزشتہ ماہ ہی’’ دنیا گروپ ‘‘ سے استفعیٰ دیتے ہوئے کچھ عرصہ کے لئے امریکہ چلے گئے تھےاور کہا جا رہا تھا کہ اب وہ ایک سال امریکہ میں ہی قیام کریں گے تاہم یہ واضح نہیں تھا کہ ان کا اگلا ’’پڑاؤ‘‘ کس ادارے میں ہو گا ؟مگر اب ’’دنیا گروپ ‘‘ چھوڑنے کے ایک ماہ بعد ہی انہوں نے ایک مرتبہ پھر جنگ گروپ کو اپنا مسکن بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ان کے ’’جنگ گروپ ‘‘ کے مالک میر شکیل الرحمن کے ساتھ تمام معاملات طے پا گئے ہیں.