تحریک انصاف کے یوم تشکر جلسے میں کتنے آدمی تھے؟حیرت انگیز اعدادو شمار سامنے آ گئے


تحریک انصاف کے یوم تشکر جلسے میں کتنے آدمی تھے؟حیرت انگیز اعدادو شمار سامنے آ گئے
اُردو آفیشل۔ پاکستان تحریک انصاف کے یوم تشکر جلسے میں کتنے آدمی تھے؟ ن لیگ کا تو دعویٰ ہے کہ اس جلسے سے زیادہ لوگوں نے تو مری میں نواز شریف کا ستقبال کیا ہے تاہم پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جلسے میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔
نجی ٹی وی نیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے پریڈ گراﺅنڈ اسلام آباد میں منائے گئے یوم تشکر جلسے میں لوگوں کی شرکت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ یوم تشکر کے جلسے میں 30 ہزار کرسیاں لگائی گئیں اور اس میں ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے جبکہ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے میں ساڑھے 12ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں اور کپتان کے 25 ہزار کھلاڑیوں نے جلسے میں شرکت کی۔ جلسہ گاہ میں 3 ہزار کرسیاں خواتین کیلئے مختص کی گئی تھیں جبکہ باقی کرسیاں مردوں کیلئے مخصوص تھیں، جلسے میں 20 سے 21 ہزار مرد اور 4 ہزار کے قریب خواتین نے شرکت کی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے جلسے کو ناکام قرار دیا تھا اور ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ اس جلسے سے زیادہ لوگ تو نواز شریف کے استقبال کیلئے مری میں موجود تھے۔

روزنامہ دنیاکے مطابق پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسے میں 2 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے جبکہ ن لیگ نے اس تعداد کو 15 سے 20 ہزار، پولیس نے 30 سے 35 ہزار اور غیر جانبدار حلقوں نے 40 سے 50 ہزار افراد قرار دیا ہے۔ سپیشل برانچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جلسے میں 10 ہزار 643 مرد، 896 خواتین اور 130 کرسیاں میڈیا کیلئے تھیں۔