ن لیگی عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بیان،عدالت کا پانامہ کیس کے فیصلے کو پاکستانیوں اور عالمی طاقتوں نے قبول نہیں کیا


ن لیگی عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بیان،عدالت کا پانامہ کیس کے فیصلے کو پاکستانیوں اور عالمی طاقتوں نے قبول نہیں کیا
اُردو آفیشل۔ ن لیگ کی جانب نامزد عبوری وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں عدالت کے فیصلے کو پاکستانی لوگوں اور عالمی قوتوں نے تسلیم نہیں کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ میرے اثاثے سب کے سامنے ہیں ،جس کسی نے میرے خلاف ریفرنس دائر کرنا ہے ،وہ یہ کام کر کے دیکھ لے ۔چوہدری نثار کے کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
عبوری وزیر اعظم کے لیے نامزد شاہد خاقان عباسی نے مولانافضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماوں نے موجودہ ملکی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا فرض ہے کہ تمام ممبران قومی اسمبلی کے پاس جاﺅں اور اپنا موقف سامنے رکھ کر حمایت کی درخواست کروں ۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے مولانا فضل الرحمان نواز شریف کی پالیسی کو آگے بڑھانے میں ہماری مدد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے جو فیصلہ دیا ہم نے من و عن اس پر عملد رآمد کیا لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ عوام نے یہ فیصلہ قبول نہیں کیا اور نہ ہی عالمی طاقتوں نے اس فیصلے کو مانا ہے ،تاریخ بھی اس فیصلے کو قبول نہیں کرے گی ۔ایک سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس نے میرے خلاف ریفرنس دائر کرنا ہے ،وہ ایک نہیں 10بار ایسا کرے ،میں کسی سے نہیں ڈرتا ،30سال سے سیاست میں ہوں اور اپنے حلقے کی عوام سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر رہا ہوں ،میرے اثاثے عوام کے سامنے ہیں اور اس کے علاوہ کوئی اثاثہ نہیں ہے،الزام لگانے والے پہلے اپنا گریبان جھانکھیں ۔کابینہ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کے کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ،وہ پارٹی کا حصہ تھے اور رہیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نزدیک اقامہ ہونا غیر قانونی نہیں ہے لیکن آج کل قانون کی تشریح مختلف طریقے سے کی جا رہی ہے تو عدالت ہی فیصلہ کری گی ۔