سابق چیئرمین ظفر حجازی کو مزید 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا


سابق چیئرمین ظفر حجازی کو مزید 3روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا
اُردو آفیشل۔ سابق چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ظفر حجازی کو مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں ایف آئی اے نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر ظفر حجازی کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ ایف آئی اے نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ ظفر حجازی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کو ایس ای سی پی کے چیئرمین کے عہدے سے پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے اس لیے اب جسمانی ریمانڈ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ظفر حجازی کو مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ ریمانڈ ختم ہونے پر ظفر حجازی کو دوبارہ 29 جولائی کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔