4 ستمبر 1965ء کے قومی اخبارات میں شائع شدہ خبروں پرمبنی رپورٹ

news-1441299970-7310

اسلام آباد (روزنامہی ۔۔۔۔۔03ستمبر 2015) 4 ستمبر 1965ء کے قومی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق پاکستان فوج نے پورے محاذ پر پیش قدمی کرتے ہوئے جوڑیاں کی چوکی پر قبضہ کرلیا ہے اور آزاد کشمیر کی فوجوں نے پاکستان کی مدد سے اکھنور پر بھی بھرپور حملہ کردیا ‘ سینکڑوں بھارتی فوجی ہلاک اور 150 بھارتی فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا گیا‘ آزاد کشمیر کی فوج نے بھارت کے 15 ٹینکوں اور اسلحہ کے بہت بڑے ذخیرہ پر قبضہ کرلیا ‘ بھارتی فوجیں جس طرح رن کچھ سے بھاگی تھی اسی طرح کشمیر سے بھی بھاگ رہی ہیں ‘ پاکستان فوج کی پیش قدمی کی خبر پھیلتے ہی مقبوضہ کشمیر میں بھگدڑ مچ گئی ‘ جموں اور دوسرے شہر خالی ہونے لگے۔ پاکستانی طیارے دوسرے روز بھی پورے علاقے پر چھائے رہے‘ جنرل موسیٰ نے محاذ جنگ پر فوجوں کا معائنہ کیا ۔4 ستمبر 1965ء کے قومی اخبارات میں وزیر اطلاعات شہاب الدین کا بھی بیان شائع ہوا جس میں انہوں نے انتباہ کیا ہے کہ ہم آزاد کشمیر یا پاکستان کی ایک انچ زمین پر بھی دشمن کو قبضہ نہ کرنے دیں گے ‘ جنگ بندی لائن پر بھارتی جارحیت آزاد کشمیر پر قبضہ کی ایک گہری سازش ہے پاکستانی عوام ہر صورتحال کے مقابلہ کے لئے تیار ہو جائے۔وزیراطلاعات و نشریات نے آج عوام کو پاکستان کی سالمیت کے خلاف بھارت کی جنگی جارحیت سے ہوشیار کیا اور زور دیا کہ عوام اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہو جائیں کیونکہ سرحدوں پر موجودہ صورتحال کوئی معمولی سرحدی تصادم نہیں بلکہ آزاد کشمیر پر قبضہ کی ایک گہری بھارتی سازش کا نتیجہ ہے۔ خواجہ شہاب الدین نے یہاں ایک بہت بڑی پریس کانفرنس میں بیان دیتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان کے عوام آزاد کشمیر یا پاکستان کے ایک انچ علاقے پر بھی دشمن کو قبضہ نہ کرنے دیں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اپنی خود مختاری کی حفاظت کے اس نازک قومی مرحلہ پر ہر مرد، عورت، بچہ، جوان اور بوڑھا بھارتی جارحیت کے مقابلہ نیز مادر وطن کی حفاظت کیلئے شانہ سے شانہ جوڑ کر کھڑا ہو جائے گا۔