کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس میں ایم کیو ایم کے 2 کارکنوں کو سزائے موت سنادی ہے۔
کراچی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس کا فیصلہ سنادیا، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ایم کیو ایم کے کارکن راشد ٹیلر اور زاہد عباس زیدی کو سزائے موت سنادی۔
زہرہ شاہد قتل کیس میں رینجرز پراسیکیوٹر کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ قتل میں ملوث ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے، ملزمان نے تفتیش میں زہرہ شاہد کے قتل کا اعتراف کیا تھا جب کہ قتل میں ملوث ملزمان کو گواہوں نے بھی شناخت کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد کو مئی 2013 میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا جب کہ حکومت نے زہرہ شاہد کے قتل میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کے لیے25 لاکھ روپے انعام رکھا تھا۔