نواز شریف کی نا اہلی ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وارے نیارے


اسلام آباد ( تازہ ترین ۔ 28 جولائی 2017ء): سپریم کورٹ نے پانامہ کیس پر آج پاکستان کی تاریخ کا تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا ہے جس کے بعد سمجھا جا رہا ہے کہ شریف خاندان میں شہباز شریف کے بعد سب سے زیادہ خوشی حمزہ شہباز کو ہوئی ہو گی۔ پانامہ کے آتے ہی ن لیگ دھڑوں میں تقسیم ہو گئی تھی جس میں ایک دھڑا نواز شریف اور دوسرا شہباز شریف کے زیر سایہ چلا گیا تھا۔

ن لیگ نے سپریم کورٹ میں پانامہ کیس اور جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد بہت سے مواقع پر نیا وزیر اعظم لانے کے بارے مشاورت کی جس میں نواز شریف کو ان کے دھڑے نے استعفی نہ دینے کا مشورہ دیا۔ شائع ہونے والی خبروں کے مطابق شہباز شریف کو وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کبھی بھی زیر مشاورت نہیں آیا جس سے شہباز شریف کے زیرسایہ ن لیگی رہنما کافی ناراض نظر آتے تھے ، یہاں تک کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کو بھی اس لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا جو ممکنہ طور پر نئے وزیراعظم بن سکتے تھے جس کی بڑی وجہ ان کی شہباز شریف سے قربت ہے کیونکہ شہباز شریف اور چوہدری نثآر آپس میں بہت قریب مانے جاتے ہیں جب کہ خواجہ آصف کو نواز شریف کا ساتھی مانا جاتا ہے۔
نواز شریف کی نااہلی کے بعد شہباز شریف تنہا اب ن لیگ کے مرکزی لیڈر بن چکے ہیں تاہم نواز شریف ن لیگ میں فیصلوں سے اپنی حاکمیت جاری رکھیں گے تاہم اب وہ پہلے جیسے حالات نہیں رہیں گے۔