نواز شریف سابق وزیر اعظم ہو گئے ، نئے وزیر اعظم کے نام پر غور شروع


اسلام آباد (تازہ ترین ۔ 28 جولائی 2017ء): سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کا فیصلہ آج پانچ رکنی بنچ نے سنایا ۔ سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس میں پانچ صفر سے وزیر اعظم نوازشریف کو نا اہل قرار دے دیا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے ۔آرٹیکل62کے تحت نواز شریف وزارت عظمٰی کے اہل نہیں رہے۔ 2013کے الیکشن میں نواز شریف نے اپنے اثاثے صحیح طور پر ظاہر نہیں کر سکے، نواز شریف اپنے اثاثے اور آمدن ثابت کرنے میں ناکام رہے۔
وزیر اعظم نے غلط معلومات فراہم کیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ بنچ کا ایک جج فیصلے پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف ”سابق” وزیر اعظم ہو گئے ۔ نئے وزیر اعظم کے لیے نام پر غورکرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ سونپ دی جائے گی البتہ اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی بیان یا فیصلہ سامنے نہیں آیا۔