لاہور میں فیروزپور روڈ پر دھماکا، ہلاکتوں کا خدشہ


فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب سبزی منڈی میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ دھماکے کی وجہ سے وہاں موجود موٹر سائیکلوں میں آگ لگ گئی۔

حکام کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کا اندیشہ ہے۔ سیکیورٹی حکام نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ امدادی کارکن بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ پنجاب نے دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا تھا جس کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔