اگر حجامت کروانے کے بعد آپ بھی حجام سے سر اور گردن پر مساج کرواتے ہیں تو یہ کام فوری چھوڑ دیں، یہ آپ کی موت کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ۔۔۔


عام طور پر گاہک کی حجامت کرنے کے بعد حجام اس کے سر اور گردن پر مساج کرتا ہے اور اس کی گردن کے چٹاخے یا کڑاکے بھی نکالتا ہے۔ ان چٹاخوں کے متعلق بھارت سے ایسی خوفناک خبر آ گئی ہے کہ اگر آپ بھی یہ کام کرواتے ہیں تو آئندہ کبھی مت کروائیں۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 54سالہ اجے کمار نامی شخص بھی اسی طرح بال کٹوانے گیا جہاں حجام نے اس کے سر اور گردن کا مساج کیا اور پھر ٹھوڑی پر ہاتھ رکھ کر تیزی کے ساتھ گردن کو جھٹکے دے کر اس کی گردن کے چٹاخے بھی نکالے۔
اجے کمار وہاں سے تو تازہ دم ہو کر نکلا لیکن کچھ ہی دیر میں اس کا سانس بند ہونے لگا اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال لیجایا گیا جہاں اب وہ وینٹی لیٹر پر ہے اور اسے مصنوعی طریقے سے سانس دیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ اس کی گردن کے چٹاخے نکالنے کے دوران جھٹکے کے باعث اس کے کچھ عصبی خلیے تباہ ہو گئے ہیں جو ’ڈایافرام‘ (Diaphragm)کو کنٹرول کرتے ہیں۔ یہ ڈایا فرام چونکہ سانس کو کنٹرول کرتی ہے چنانچہ اس میں بگاڑ آنے سے اس کی سانس بند ہو گئی۔ ڈاکٹر آنند جیسوال کا کہنا تھا کہ ”اجے کمار کا ڈایا فرام مکمل مفلوج ہو گیا ہے اور اب شاید اسے ساری زندگی وینٹی لیٹر پر رکھنا پڑے گا، کیونکہ اس کے جو عصبی خلیے تباہ ہوئے ہیں ان کا ٹھیک ہونا تقریباً ناممکن ہے اور جب تک وہ ٹھیک نہیں ہوتے، ڈایافرام کام نہیں کر سکتا۔“ڈاکٹر آنند نے لوگوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ”سیلونز پر گردن کا مساج کروانے اور چٹاخے نکلوانے سے قطعی طور پر گریز کریں، کیونکہ گردن میں انتہائی اہم عصبی خلیے، بافتیں اور پٹھے ہوتے ہیں اور مساج یا چٹاخوں سے ان کے متاثر ہونے کا قوی امکان ہوتا ہے۔“