حاملہ خاتون کا الٹراساؤنڈ، پیٹ میں بچہ کیا کررہا تھا؟


پیدائش سے قبل بچہ ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے تو اسے خود اپنی خبر بھی نہیں ہوتی، لیکن شاید ایسا نہیں ہے. ایک امریکی ماں کے ساتھ پیش آنے والے حیران کن واقعے سے لگتا ہے کہ بچے کو کسی اور چیز کی خبر ہو نہ ہو اپنی ماں سے پیار کا احساس ضرور ہوتا ہے.

شاید یہی وجہ تھی کہ جب اس خاتون نے الٹرا ساؤنڈ کروایا تو پیٹ میں موجود اس کی بچی نے ہاتھ ہلا کر اپنے پیار کا اظہار کر دیا.  دی مرر کی رپورٹ کے مطابق نیویارک سے تعلق رکھنے والے میتھیو والسک اور ان کی اہلیہ لپی والسک کا کہنا ہے کہ ایک طویل انتظار کے بعد انہیں یہ خوشخبری ملی تھیکہ وہ دوبارہ والدین بننے والے ہیں اور خصوصاً وہ اس بات پر خوش تھے کہ ان کا چھ سالہ بیٹا بڑا بھائی بننے والا ہے. جب لپی پانچ ماہ کی حاملہ تھیں تو وہ الٹراساؤنڈ کروانے گئیں اور یہی وہ موقع تھا جب یہ حیرتناک واقعہ پیش آیا. لپی نے اس دلچسپ و عجیب واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ہسپتال میں ٹیکنیشن نے میرا الٹراساؤنڈ سکین کیا تو پہلے تو مجھے سمجھ نہ آئی کہ وہ کیوں مسکرارہا تھا لیکن جب میں نے خود سکین کو دیکھا تو میری حیرت کی انتہا نہ رہی. میرے پیٹ میں موجود میری ننھی بچی مجھے ہاتھ ہلا رہی تھی. یہ اتنا خوبصورت لمحہ تھا کہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی. میرے شوہر میتھیو نے اس کی تصویر بنالی اور جب ہم نے یہ تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی. صرف انسٹاگرام پر اس تصویر کو چھ ہزار سے زائد مرتبہ لائیک کیا گیا ہے . اب میرے حمل کی مدت ساڑھے سات ماہ ہوچکی ہے اور میں اپنی بیٹی کو دنیا میں خوش آمدید کہنے کیلئے شدت کے ساتھ منتظر ہوں. مجھے اس سے بے حد پیار ہے اور ہمارے پیار کی کہانی اس کی پیدائش سے پہلے ہی شروع ہو چکی ہے.‘‘