مردانہ کمزوری کے شکار افراد کے لئے گزشتہ 15 سال کے دوران ویاگرا سے بہترکوئی حل سامنے نہیں آسکا، مگر اس دوا کے متعدد مسائل کی وجہ سے اسے کبھی بھی آئیڈیل حل قرار نہیں دیا جا سکا۔ متعدد مردوں کو ویاگرا سے یا تو مطلوبہ فائدہ حاصل نہیں ہوتا یا دیگر کئی جسمانی مسائل کا خدشہ رہتا ہے۔ ان پریشان حال مردوں کو سائنسدانوں نے بہت بڑی خوش خبری سناتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ مردانہ کمزوری کا شاک ویوز (طاقتور صوتی لہروں) سے دیر پا علاج کرنے کی تکنیک کامیاب ہوچکی ہے، جو ویاگراجیسی چیزوں کو ماضی کی بات بنادے گی۔
ویب سائٹ ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق اس تکنیک کے ماہر ڈاکٹر وجے سانگر نے بتایا کہ ایکسٹرا کارپوریل شاک ویو تھیراپی(ESWT) کو مردانہ کمزوری کے شکار افراد کے لئے ایک کرشمہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تکنیک میں مخصوص عضو کو شاک ویوز دی جاتی ہیں جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے کیمیکل سگنل خون کی نئی رگیں پیدا کرتے ہیں اور دوران خون میں رکاوٹ اور کمزوری کا مسئلہ جڑ سے ختم ہو جاتا ہے۔ڈاکٹر سانگر نے بتایا کہ علاج کے دوران ہر نشست میں کم طاقت کے 1500 شاک دئیے جاتے ہیں۔ تین ہفتے کے لئے دو نشستیں فی ہفتہ جاری رکھی جاتی ہیں، جس کے بعد تین ہفتے کا وقفہ ہوتا ہے، اور پھر اگلے تین ہفتے کے لئے یہی عمل دہرایا جاتا ہے۔ڈاکٹر سانگر کے مطابق تقریباً دو ماہ کے دوران نتائج نظر آنا شروع ہوجاتے ہیں۔برطانوی تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ 37 سے 80 سال کے 112 مردوں پر کئے گئے تجربات میں اس تکنیک کو انتہائی کامیاب پایا گیا ہے۔ اس طریقہ علاج کو ان مردوں کے لئے خصوصی طور پر فائدہ مند قرار دیا گیا ہے کہ جو ہر طرح کی ادویات کے استعمال کے بعد مایوس ہو چکے ہیں۔