اداکارہ پوجا مشرا کی ہوٹل ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی ، غصہ میڈیا اور عوام پر نکال دیا

news-1442320890-1676_large (1)

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکارہ پوجامشرا نے ایک فائیوسٹار ہوٹل کے ملازم کو تھپڑدے مارا جس کی ویڈیو دودن بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ، اب اداکارہ کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی جس میں اُنہوں نے بدنام کرنے پر میڈیا پرہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کی دھمکی دیدی۔
تفصیلات کے مطابق پوجامشرا نے 12ستمبر کو نئی دہلی میں موجود ’دی تاج‘ ہوٹل کے عملے کی طرف سے بل کی ادائیگی کے معاملے پر تکرار کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا۔ ویڈیو میں دیکھاگیاہے کہ اداکارہ گالیوں سمیت ہرطرح کے الفاظ استعمال کررہی ہیں ۔
ویڈیوسامنے آنے کے بعد پوجامشر ا وضاحت دینے کیلئے سوشل میڈیا پر آگئیں اور اپنے سوشل میڈیا پیج پر لکھاکہ ’میں نے ابھی بارہ گھنٹے کی شوٹنگ مکمل کی ہے اور اب جواب دینے کا وقت ملا، اس میں میرے مخالفین کا ہاتھ ہے اوربدتمیز ہوٹل سٹاف کے خلاف اپنے دفاع کیلئے میں اکیلی ہوں ، سچ یہ ہے کہ میں اپنے کام میں مصروف ہوں تاہم میرے مخالفین نے اسرار کیاکہ اس پر توجہ دوں ۔
اُنہوں نے بتایاکہ ایک عرصہ قبل نوراج ہنس نے مجھے دعوت دی اور کمپنی کی طرف سے تاج دوارکا ہوٹل میں بکنگ کرائی گئی ، ایونٹ کے اختتام پر چلی گئی اور ددوبارہ آئی تو خود ہی بکنگ کرائی ، اپنے قیام کے دوران ہوٹل کی طرف سے جبر کا نشانہ بنایاگیااور جب انٹرویو کیلئے میڈیا آیاتو کمرے کی بتیاں گل کردی گئیں ، ایک دن میں انٹرکام پر 500مس کالز کی گئیں اور جب میں اٹھاتی تھی تو کوئی نہیں بولتاتھاحتی کہ ایک ملازم نے زندگی کے خاتمے کی دھمکی دی تو اگلی صبح ہوٹل چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور جب مکمل ادائیگی کردی تولالچی ہوٹل انتظامیہ نے نوراج ہنس کی طرف سے واجب الادا پیسوں کا مطالبہ شروع کردیاجس پر بتایاکہ وہ میں نے بکنگ نہیں کرائی تھی اور نہ ہی میں ادائیگی کرسکتی ہوں ، پھر ویڈیو بنائی گئی اور ایک اکیلی لڑکی کو یونیفارم میں موجود بھیڑیوں نے گھیرلیا ، اس کے بعد پولیس کو بلایااور ہوٹل کیخلاف مقدمہ بنادیاگیاجبکہ ہوٹل انتظامیہ نے کئی مرتبہ فیس بک پر معافی بھی مانگی ۔
اداکارہ کاکہناتھاکہ معاملہ زیرسماعت ہے اور تمام نیوز چینل جن کے پاس ویڈیو موجود ہے ،منفی پس منظر سامنے لانیوالے چینلز کو ایک ہزار کروڑ روپے ہرجانے کے دعوے کا سامنا کرنا پڑے گا، جب مقدمہ جولائی میں دائر کردیاگیاتھا تو ستمبر میں ویڈیو کیوں سامنے لائی گئی ؟ اس پر حیرت ہوئی ہے ۔ انہوں نے معذرت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی آزاد خاتون جسے معاشرہ اپنے انداز میں جینے کی اجازت نہیں دیتا، اپنے دفاع میں ہاتھ اٹھاتی ہے تو تمہیں بھی ساتھ دیناچاہیے ورنہ مظلوم بن کر بیٹھ جائیں اور حملے کو گینگ ریپ میں بدلتادیکھیں ۔