نولکھا میں گذشتہ علی الصبح22 سالہ نئے نویلے دلہا کو نامعلوم افراد نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد بلڈنگ کی دوسری منزل سے نیچے پھینک دیا جس سے نوجوان دلہا کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس نے نعش مردہ خانہ میں منتقل کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ باٹا پور کے رہائشی 22 سالہ اللہ رکھا کی چند ماہ قبل شادی ہوئی۔ اللہ رکھا گارمنٹس کا کام کرتا تھا۔گزشتہ علی الصبح اللہ رکھا نولکھا کے علاقہ چنگڑ محلہ پرانی منڈی میں ایک مکان میں رہائش پذیر خواجہ سراؤں کے پاس آیااور پر اسسرار طریقے سے چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق 22 سالہ اللہ رکھا کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اسے دوسری منزل سے نیچے گرا کر موت کے گھاٹ اتارا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں نے ہی اللہ رکھا کو چھت سے گرایا اور اپنے گھر کو تالا لگا کر غائب ہو گئے ہیں۔ پولیس نے للہ رکھا کی نعش پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانہ میں جمع کروا دی ہے۔ اور مقتول کے بھائی اللہ دتہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔