اسلام آباد پولیس نے سیکٹر جی سیون ٹو کے مسجد کے باہر نمازیوں میں کالعدم تنظیم حزب التحریر کے پمفلٹ تقسیم کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کردی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق سیکٹر جی سیون ٹو کے مسجد کے باہر پانچ افراد حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف نمازیوں میں پمفلٹ تقسیم کر رہے تھے ، واقعے کے اطلاع ملنے کے بعد اسلام آباد پولیس موقع پر پہنچی مگر ان میں سے چار افراد فرار ہوگئے جبکہ محمد نعیم یونس نامی شخص کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا گیا ۔ پمفلٹ پر درج عبارت میں حکومت کو امریکہ سے تعلقات اپنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ لوگوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایسی کمزور حکومت سے نجات پانے کے لئے جدوجہد کریں ۔ ان پر ریاستی اداروں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے تفصیلی مضامین بھی تھے، پولیس نے پانچوں افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے ہیں۔