لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) داڑھی اور مونچھ ہمیشہ سے مرد کی خصوصیت اور علامت تصور کی جاتی رہی ہے لیکن نوجوان برطانوی دوشیزہ ہرنام کور نے ایک الگ ہی مثال قائم کردی ہے۔ 24 سالہ ہرنام کو رکے چہرے پر ناصرف بھرپور داڑھی ہے بلکہ وہ دنیا کی کم عمر ترین باریش خاتون ہونے کا ریکارڈ بھی قائم کر چکی ہیں اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں ان کا نام درج کرلیا گیا ہے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے تازہ ترین شمارے، جو کہ 8 ستمبر کو شائع کیا گیا، کے مطابق ہرنام کور کی داڑھی کی لمبائی چھ انچ ہے اور وہ مکمل داڑھی والی دنیا کی کم عمر ترین خاتون ہیں۔ ہرنام کور کا کہنا ہے کہ وہ اپنے چہرے کے بالوں پر فخر کرتی ہیں اور انہیں اس بات پر کوئی پشیمانی یا ہچکچاہٹ نہیں کہ وہ ایک باریش عورت ہیں۔ انہوں نے ورلڈ نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بچپن سے ہی ان کے چہرے پر بال نمودار ہونا شروع ہوگئے تھے کیونکہ وہ پولی سسٹک اووری سنڈروم کی شکار ہیں، جس کی وجہ سے خواتین کے چہرے اور جسم پر مردوں کی طرح بال ظاہر ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔
ہرنام نے بتایا کہ انہوں نے نوعمری میں ان بالوں سے نجات کے لئے ہر ممکن کوشش کی ، ہر طرح کی جڑی بوٹیاں، ہربل دوائیں، کیمیکل اور حتیٰ کہ ریزر کے استعمال کی بھی کوشش کی لیکن بال اس قدر زیادہ تھے کہ ان کا خاتمہ ممکن نہ رہا۔ وہ کہتی ہیں کہ سکول کے دور سے ہی انہیں اپنے چہرے کے بالوں کی وجہ سے سخت ترین تضحیک اور طنز کا سامنا کرنا پڑا۔ سکول میں ان کے ساتھی طلبا وطالبات ان کا مذاق اڑاتے تھے اور جب کبھی وہ باہر جاتیں تو لوگ ان کا مذاق اڑاتے۔ ہرنام کور کا کہنا ہے کہ ایک وقت پر ان کی زندگی اس قدر مشکل ہوگئی کہ وہ سوچتی تھیں کہ موت کو گلے لگالیں، لیکن پھر دنیا کی بے حسی کے سامنے کھڑا ہونے کا فیصلہ کیا اور ہمت سے کام لیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ قدرت نے انہیں جیسا بنایا ہے وہ ویسی ہی رہیں گی، لوگ چاہے جوبھی کہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ اس دن کے بعد انہوں نے اپنے بالوں کو کاٹنے یا ختم کرنے کی کوششیں چھوڑ دیں اور اب ان کے چہرے پر مکمل داڑھی ہے۔ وہ اسی حالت میں فیشن ماڈلنگ بھی کرتی ہیں اور چند ماہ قبل لندن فیشن ویک جیسی عالمی شوبز تقریب میں بھی اپنے جلوے دکھا چکی ہیں۔