سائنسدانوں نے مردوں کو سب سے بہترین نسخہ بتادیا


پسینے کے بُو اگرچہ کوئی خوشگوار چیز نہیں ہوتی لیکن ایک نئی تحقیق میں حیران کن انکشاف کیا گیا ہے کہ بعض مخصوص اشیاءکھانے والے مردوں کے پسینے کی بُو خواتین کو انتہائی پرکشش لگتی ہے، اور یہ مخصوص اشیاءسبزیاں اور پھل ہیں۔میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی میکویری یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں کچھ مردوں کی غذائی عادات کا تجزیہ کیا، پھر انہیں صاف شرٹس دیں اور ورزش کرنے کو کہا۔ جب وہ پسینے سے شرابور ہو گئے تو ان کی شرٹس اتار کر کچھ خواتین کو سونگھنے کے لیے دیں اور ان سے سوال کیا کہ کس شرٹ کی بُو انہیں سب سے پرکشش لگی۔

 رپورٹ کے مطابق خواتین کی واضح اکثریت نے ان مردوں کی شرٹس سے آنے والی بُو کو پرکشش قرار دیا جن کی خوراک کا بڑا حصہ سبزیوں اور پھلوں پر مشتمل تھا۔ اس کے برعکس خواتین کی طرف سے کاربوہائیڈریٹ کی حامل اشیاءکھانے والے مردوں کے پسینے کی بُو کو سب سے زیادہ ناپسند قرار دیا گیا۔تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر آئیان سٹیفن کا کہنا تھا کہ ”ہم جانتے ہیں کہ کسی بھی شخص کے جسم کی بُو اس کے جنس مخالف کی نظر میں پرکشش قرار پانے میں اہم جزو ہوتی ہے۔ہماری تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ مردوں کے جسم کی بُو ان کے خواتین کی نظر میں پرکشش ہونے میں 20فیصد تک کردار ادا کرتی ہے۔ “