باپ کی زیادتی کا شکار خاتون 2 بچوں کا گلا گھونٹ کر تھانے پیش


) باپ کی زیادتی اور خاوند کے تشدد کا نشانہ بننے والی اپنے دو بچوں کا گلا گھونٹ کر تھانہ پیش ہو گئی ، جنت بی بی نے میڈیا کو اپنے اوپر ہونے والے مظالم کی داستان سنا ڈالی۔

تفصیلات کے مطابق چونیاں روڈ حجرہ شاہ مقیم کی رہائشی خاتون جنت بی بی نے گزشتہ روز اپنے دو بچوں پانچ سالہ بیٹی ایمان فاطمہ اور دو سالہ عبدالحسیب کا گلا دبا کر اپنے گھر کو آگ لگا دی اور خود مقامی تھانہ میں پیش ہو گئی، پولیس اور شہریوں نے اس کے گھر کو لگی آگ بجھا ئی اور تشویش ناک حالت میں پڑے بچوں کو ہسپتال پہنچایا جن کی بروقت طبی امداد مل جانے سے جان بچ گئی بعدازاں پولیس کی حراست میں موجود خاتون نے میڈیا کے سامنے شرمناک انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ سگا باپ مولا بخش دیپالپور کچہری میں فوٹو سٹیٹ کا کاروبار کرتا ہے جب وہ جوانی کی دہلیز چڑہی تو بدقسمتی سے اسکا باپ محافظ کی بجائے درندگی پر اتر آیا اور اسے دھمکیاں دے کر اس کے ساتھ زبردستی منہ کا لا کرتا رہا جس مکروہ فیل سے اس کی ماں کو بے خبر رکھاگیا .

بعد ازاں اس کی شادی حجرہ شاہ مقیم کے ایک عمر رسیدہ شخص عبدالعزیز کے ساتھ کر دی گئی جو کہ نشہ کا عادی اور ذہنی طور پر معذور بھی تھا خاوند اس کی ساس شمیم ، سسر اللہ دتہ اور نند ذکیہ نے ابتدا سے ہی اس پر ظلم و تشدد کی انتہا کئے رکھی دو بچوں کی پیدائش اور سات سالہ ازدواجی زندگی اجیرن بنی رہی اگروہ اپنے میکے جاتی تو باپ منہ کالا کرتا اس زندگی سے دل برداشتہ ہو کر اس نے اپنے معصوم بچوں کی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا اور خود کو پولیس کے حوالے کر کے پھانسی لگنے کا ارادہ بنا لیا جو کہ اس نے گزشتہ روز اس پر عمل کرتے ہوئے اپنے بچوں کے گلے گھونٹ کر خود کو حوالہ پولیس کر دیا تاحال پولیس کارروائی سامنے نہیں آسکی اس واقعہ کی بات جب خاتون کے والد سے اس کے موبائل فون پر استفسار کیا گیاتو اس نے زیادتی کرنے کے الزام کو مسترد کر دیا اور کہا کہ اس نے بیٹی اور بیوی رضیہ کے ساتھ تعلقات ختم کر رکھے ہیں۔