سابق اہلیہ کی نازیبا تصاویر، ڈی آئی جی گلگت پر مقدمہ


ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے سابق بیوی کی نازیبا تصاویر فیس بک پر اپ لوڈ کرنے والے پولیس کے اعلیٰ افسر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ افسر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے عبوری ضمانت کرالی۔

روزنامہ دنیا کے مطابق گلگت بلتستان میں تعینات ڈی آئی جی سید جنید ارشد کی سابق بیوی عائشہ سبحانی نے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل لاہور کو درخواست دی کہ ان کے سابق شوہر سید جنید ارشد نے ان کے نام سے جعلی فیس بک اکاﺅنٹ بنا کر مختلف لوگوں کو فرینڈ شپ کی درخواست بھجوائی اور بعد ازاں اس اکاﺅنٹ سے تصاویر اب لوڈ کیں۔ ایف آئی آر کے مطابق دانش غنی نامی شخص کو نہ صرف تصاویر فراہم کی گئیں بلکہ ڈی آئی جی نے سابق بیوی کا فون نمبر بھی اسے فراہم کیا اور اس سے ملنے کا حکم دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق عائشہ سبحانی کے جعلی اکاﺅنٹ کا آئی پی ایڈریس سید جنید کے گھر پر بیٹھ کر بنایا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق انٹرنیٹ سروس احمد رضا اور ثاقب کے نام پر لی گئی جو سید جنید کے دوست ہیں، سید جنید نے زاہد سرفراز نامی شخص کے نام سے بھی آئی پی ایڈریس بنایا۔

اخبار کے مطابق سید جنید پولیس کے اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں، وہ وزیراعظم ہاﺅس میں بطور سیکیورٹی افسر بھی تعینات رہے اور اس کے علاوہ گوجرانوالہ ، بھکر اور دیگر علاقوں میں بھی اہم عہدوں پر تعینات رہے ہیں۔ ایف آئی اے نے کہا کہ سید جنید نے عبوری ضمانت کرالی ہے جیسے ہی عدالت ان کی ضمانت منسوخ کرے گی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔