پاکستان اور فرانس کے درمیان توانائی کے شعبے میں معاہدہ طے پا گیا،دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعاون قائم ہے،فرانسیسی سفیر


پاکستان اور فرانس کے درمیان توانائی کے شعبے میں معاہدہ طے پا گیا،دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعاون قائم ہے،فرانسیسی سفیر
اُردو آفیشل۔ حکومت پاکستان اور فرانسیسی ترقیاتی ادارہ (اے ایف ڈی) کے درمیان توانائی کے شعبہ کے منصوبوں بشمول پاور ٹرانسمیشن انہانسمنٹ انوسٹمنٹ اور منگلا پاور پلانٹ بحالی منصوبہ کی فنانسنگ سے متعلق 16کروڑ 50 لاکھ یورو کے آسان قرضے کا معاہدہ طے پا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور فرانس کے مابین توانائی کے شعبے میں16کروڑ 50لاکھ یورو کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویڑن شاہد محمود، پاکستان میں فرانسیسی سفیر مارٹین ڈورنس اور اے ایف ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر جیکی امپرو نے معاہدہ پر دستخط کئے جبکہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اظہار خیال کرتے ہوئے فرانسیسی ترقیاتی ادارہ (اے ایف ڈی) کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے مسلسل حمایت اور تعاون کو سراہا۔ فرانسیسی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ فرانس اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تاریخی تعاون قائم ہے۔ فرانس پاکستان کو مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اس پروگرام کا مقصد توانائی کے شعبہ کو مزید رعایتی، قابل اعتماد اور پائیدار بنانا ہے جو نیشنل پاور پالیسی پر عملدرآمد کے ذریعے ملک کی اقتصادی نمو میں معاون ثابت ہو گا۔